اسلام آباد، کوئٹہ (طاہر خلیل، اے پی پی) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ آپریشن غضب للحق پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری ہے، افغان طالبان سے وابسطہ پراکسیز کوسخت سزا دینگے، افغان طالبان رجیم کو ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کیخلاف ٹھوس اقدامات کرنا ہونگے، خطے میں پڑوسیوں کے ساتھ امن سے رہنا چاہتے ہیں، ہر قسم کی مہم جوئی کیخلاف پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے دورہ کے موقع پر فیکلٹی و زیر تربیت افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی بیرونی دہشت گردی یا پروپیگنڈے سے روکی نہیں جاسکتی، دشمن قوتیں عوام کے اتحاد سے بالآخر ناکام ہونگی۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں معرکہ حق کا حوالہ دیتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی مسلح افواج کی تاریخی کامیابی کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے بھارت کی بلااشتعال اور متکبرانہ جارحیت کے مقابلے میں پاکستان کے ذمہ دارانہ طرز عمل اور کشیدگی پر قابو رکھنے کی پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے بالغ نظر، دانشمندانہ اور منصفانہ موقف کو عالمی برادری نے بھی تسلیم کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن غضب للحق پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری ہے تاکہ افغان طالبان سے وابستہ دہشت گرد پراکسیز کیخلاف معصوم شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور معاونت فراہم کرنے والے ڈھانچوں کو سخت سزا دی جا سکے۔ انہوں نے جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔وزیراعظم نے عسکری سفارتکاری اور باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور خطے اور اس سے باہر امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کیلئے پاکستان کی جانب سے بطور نیٹ ریجنل سٹیبلائزر کیے گئے اقدامات کو اجاگر کیا۔چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ پراکسیز اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والی دشمن قوتیں ناکام ہونگی۔ فیلڈ مارشل نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج،کوئٹہ میں زیرِتربیت افسران اورفیکلٹی ممبران سے خطاب کرتے ہوئے اسٹاف کالج کے اعلیٰ تربیتی معیار، استعداد اورپیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور ابھرتی ٹیکنالوجیز، ملٹی ڈومین آپریشنز سمیت تینوں افواج کے درمیان ہم آہنگی اور مستقبل کے جنگی چیلنجز سے باخبر رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے جدید جنگ کے تیزی سے بدلتے ہوئے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں امن، استحکام اور ریاستی رٹ برقرار رکھنے کیلئے افسران و جوانوں کے بلند حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے انکی آپریشنل تیاری اور پیشہ ورانہ عزم کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔