کراچی (اسٹاف رپورٹر)بلدیہ عظمی کراچی میں جماعت اسلامی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈرز فضل احد اور تیمور احمد نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سٹی کونسل کا عام اجلاس 22مئی کو منعقد ہونا تھا لیکن اجلاس کے اعلان کے 5دن گزرنے کے باوجود ایجنڈا جاری نہیں کیا گیا ہے جبکہ کونسل رولز کے مطابق ایجنڈا 7 روز قبل جاری کیا جانا ضروری ہے،اجلاس میں صرف 3 دن باقی ہیں، 22 مئی کے لئے طے شدہ اجلاس کو اچانک ہفتہ کے روز منتقل کردیا گیا ہے،اجلاس کی تاریخوں میں تبدیلی، ایجنڈا جاری نہ کرنا مرتضیٰ وہاب کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے،ہمارا مطالبہ ہے کہ اجلاس کا ایجنڈا فوری جاری کیا جائے،انہوں نے کہا کہ ہفتہ کے روز بلدیہ عظمی کراچی کا دفتر بند ہوتا ہے، گزشتہ اجلاس میں مرتضیٰ وہاب کے اشارے پر اپوزیشن ارکان کی صفوں میں گھس کر حملہ کیا گیا، اجلاس کو پرامن طور پر منعقد کرنا بطور چیف ایگزیکٹو میونسپل کمشنر کی ذمہ داری ہے، مرتضیٰ وہاب بطور ایڈمنسٹریٹر کونسل اجلاس کو چلانا چاہتے ہیں، ان کا انداز آمرانہ ہے، جعلی قراردادوں کی بھرمار اور کراچی دشمن ایجنڈا قبول نہیں کریں گے۔