• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غوری ٹاؤن سکینڈل، نیب کا متاثرین کو ریلیف، عید سے قبل 240 ملین کی تقسیم شروع

اسلام آباد (عاصم جاوید) نیشنل اکاؤنٹیبلٹی بیورو (نیب) اسلام آباد/راولپنڈی نے عید سے قبل غوری ٹاؤن ہاؤسنگ اسکینڈل کے متاثرین کو رقوم کی واپسی کا عمل مزید تیز کر دیا ۔ منگل کو تقریباً 24 کروڑ روپے کی ادائیگی کا باقاعدہ آغاز نیب اسلام آباد/ راولپنڈی دفتر میں کر دیا گیا، جس کے بعد متاثرین کو واپس کی جانے والی مجموعی رقم 46کروڑ 50 لاکھ روپے تک پہنچ جائے گی۔ اس سلسلے میں نیب اسلام آباد/راولپنڈی میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں ڈی جی نیب اسلام آباد/راولپنڈی وقار احمد چوہان نے تقریب کی صدارت کی اور متاثرین میں چیکس تقسیم کئے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عوام کسی بھی ہاؤسنگ یا سرمایہ کاری منصوبے میں سرمایہ کاری سے قبل قانونی اور ریگولیٹری تصدیقات ضرور مکمل کریں تاکہ فراڈ اور غیر قانونی اسکیموں سے بچا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیب کی اولین ترجیح متاثرین کی رقوم کی ریکوری اور انہیں بروقت ریلیف کی فراہمی ہے۔ یاد رہے کہ غوری ٹاؤن انتظامیہ نے سال 2012میں فیز 7اور فیز 8کے نام پر شہریوں کو رہائشی پلاٹس کی فراہمی کے وعدے کئے، تاہم بعد ازاں معلوم ہوا کہ ان منصوبوں کے لئے قانونی تقاضوں کی منظوری موجود نہ تھی، اس کے باوجود شہریوں سے اربوں روپے وصول کئے گئے۔

ملک بھر سے سے مزید