• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کا بلوچستان میں معدنیات کے تحفظ کیلئے سیکیورٹی راہداری قائم کرنے کا اعلان

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی وسائل بالخصوص معدنیات سے مالامال ہے، بلوچستان میں محفوظ ماحول فراہم کرنا معدنیات سے منسلک منصوبوں پر کام کرنے والی مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں کا ملک میں اعتماد برقرار رکھنے کیلئے نا گزیر ہے۔وزیر اعظم نے ان خیا لات کا اظہاراپنی زیر صدارت کوئٹہ میں نیشنل ایکشن پلان کی صوبائی ایپکس کمیٹی کےاجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو بلوچستان میں سیکورٹی، ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت، منصوبہ بندی اور دیگر امور پر بریفنگ دی گئی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس امر سے بلوچستان میں معدنیات کے تحفظ کیلئے ایک راہداری قائم ہو گی۔ اس سیکورٹی راہداری میں فرنٹیئر کور کے اضافی ونگز، شاہراہوں پر سیکورٹی چیک پوسٹس، سرویلنس گرڈ، سرحدوں پر پوسٹس وغیرہ شامل ہونگی۔ وزیراعظم نے بلوچستان اور باقی ملک میں انسداد دہشتگری کیلئے اقدامات کیلئے چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر اور پاک افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے بلوچستان میں عوامی فلاح و بہبود کیلئے متعدد اقدامات پر وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی اور ان کی ٹیم کی پزیرائی کی۔ وزیراعظم نے بلوچستان کی رخشان ڈویژن میں فرنٹیئر کور تعینات کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے مکمل خاتمے کیلئے پولیس اور دیگر فورسز کی بہترین ٹریننگ اور نئی ٹیکنالوجی انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان بلوچستان کے نوجوانوں کو قومی دھارے میں مؤثر انداز میں شامل کرنے، انہیں بااختیار بنانے اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔

اہم خبریں سے مزید