اسلام آباد(محمد صالح ظافر/خصوصی تجزیہ نگار ) ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گندم کی پیداوار کا تخمینہ خلا سے حاصل شدہ معلومات کے ذریعے سائنسی تحقیق کی بنیاد پر مرتب کئے گئے ہیں یہ خدمت خلائی تحقیق کے قومی ادارے سپارکو نے انجام دی ہے۔ سرکاری ذرائع نے جنگ/دی نیوز کو بتایا ہے کہ سپارکو نے سال رواں (26-2025) کے لئے ملک میں گندم کی مجموعی پیداوار کا تخمینہ دو کروڈ ستر لاکھ اڑتالیس ہزار ٹن (27.48 ملین) لگایا ہے، جو اسی لاکھ چوراسی ہزار ہیکٹر رقبے (8.84 ملین) پر کاشت کی گئی ہے۔ اسپیس فور کلائمیٹ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، قومی سطح پر اوسط پیداوار تین ہزار ایک سو آٹھ کلو گرام فی ہیکٹر رہنے کی توقع ہے۔ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ گندم کی پیداوار میں پنجاب کو اولیت حاصل ہے جہاں ساٹھ لاکھ نوے ہزار ہیکٹر رقبے سے دو کروڈ پندرہ لاکھ ٹن پیداوار متوقع ہے۔