• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو ؛20 سے زائد سب لیز ہولڈر اپارٹمنٹ مالکان کو ریلیف نہ مل سکا

اسلام آباد (خبر نگار) ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کے 20 سے زائد سب لیز ہولڈر اپارٹمنٹ مالکان کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے انٹرا کورٹ اپیل میں فوری ریلیف نہ مل سکا۔ سی ڈی اے وکیل کاشف علی ملک ایڈووکیٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کیا کہ قانون کے مطابق لیز منسوخی کے بعد متعلقہ بلڈنگ سی ڈی اے کی ملکیت بن جاتی ہے۔ جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دئیے کہ اگر یہ بات ہے تو پھر کیا وزیراعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی غیر قانونی ہے؟ سی ڈی اے کے وکیل نے کہا کہ میں اس پر کمنٹ نہیں کروں گا، یہ تو اٹارنی جنرل آفس بتا سکتےہیں ۔ عدالت نے سی ڈی اے سے تحریری جواب طلب کر لیا،اپارٹمنٹ مالکان کی انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت 25 مئی تک ملتوی کر دی ۔ گذشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محمد اعظم خان اور جسٹس انعام امین منہاس پر مشتمل ڈویژن بنچ کے روبرو اپیل کنندگان نے موقف اختیار کیا کہ سی ڈی اے والے پولیس بھجواتے ہیں، دروازے توڑتے ہیں، اسٹے آرڈر دیا جائے، اب ہم کیا پولیس افسران کے خلاف ایف آئی آر کروائیں؟ جسٹس اعظم خان نے کہا کہ بلڈنگ کھڑی ہے۔

ملک بھر سے سے مزید