اسلام آباد (طاہر خلیل)وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی ایسا رشتہ ہے جو نسل در نسل ہم تک منتقل ہوا، دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں سے دوستانہ تعلقات استوار ہیں، پاک چین دوستی کے بارے میں ہم اپنے بزرگوں سے داستانیں سنتے آئے اور ہم اپنی آنے والی نسلوں کو یہ داستانیں سنائینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک چائنہ فرینڈ شپ سینٹر میں وزارت اطلاعات و نشریات کے زیر اہتمام پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب ”پاک چین ثقافتی شام“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال، پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات دانیال چوہدری، وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل، چینی سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن شی یوآن کیانگ سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔