ملتان (سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ڈویژنل ریونیو جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ریونیو وصولیوں، زرعی انکم ٹیکس، واٹر ریٹ، سٹیمپ ڈیوٹی، لینڈ ایکوزیشن، میوٹیشن، ریونیو کورٹس اور سرکاری اراضی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ ریونیو اہداف کے حصول کیلئے تمام اضلاع اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائیں اور زیر التواء مقدمات کو مقررہ مدت میں نمٹایا جائے، اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملتان ڈویژن میں میوٹیشن فیس، سٹیمپ ڈیوٹی اور زرعی انکم ٹیکس کی مد میں اربوں روپے کی وصولیاں کی جا چکی ہیں ۔ کمشنر نے وہاڑی اور لودھراں کی بعض شعبوں میں بہتر کارکردگی کو سراہتے ہوئے دیگر اضلاع کو بھی متحرک حکمت عملی اپنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ریونیو ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن، مسنگ میوٹیشنز، پارٹیشن پلس پراجیکٹ، کنوینس ڈیڈز، سٹیٹ لینڈ ایکسچینج اور لینڈ ایکوزیشن کیسز کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔