ملتان(سٹاف رپورٹر ) پنجاب کاونٹر نارکوٹکس فورس ملتان ڈویژن کی جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائیاں جاری‘خاتون سمیت 6ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی۔ ترجمان کاونٹر نارکوٹکس ملتان کے مطابق ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول ملتان ڈویژن وقار اعظم کی سربراہی میں ایس ایچ او نصرت علی نے ٹیم کے ہمراہ مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے خاتون سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔ٹیم نے شیر شاہ ٹول پلازہ کے قریب خاتون منشیات ڈیلر شیری کو گرفتار کرکے قبضے سے 4960گرام چرس ،2250گرام افیون ،500گرام آئس برآمد کرلی دوسری کارروائی کرکٹ سٹیڈیم کے پاس کی اور ملزم یاسین کو گرفتار کرلیا گرفتار ملزم سے 4459گرام افیون 534گرام چرس برآمد کی جبکہ تیسری کارروائی قادر پورراں کے علاقے میں کی ٹیم نے ملزمان عمران ذاکر ، نذر حسین ، کادم حسین اور سلمان خادم کو گرفتار کیا گیا ،ملزمان کے قبضے سے 12500گرام چرس اور 6250گرام افیون برآمد کرلی گئی ۔ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول ملتان ڈویژن کرنل وقار اعظم نے کہا کہ ہماری ٹیمیں نوجوان نسل کی رگوں میں زہر گھولنے والے عناصر کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑ رہی ہیں ،ہر ضلع اور گلی محلے کو منشیات کے ناسور سے پاک کرنے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔