ملتان (سٹاف رپورٹر)محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی میں حیاتیاتی تنوع کے عالمی دن 2026 کی مناسبت سے منعقدہ دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی۔ کانفرنس میں پاکستان سمیت 13ممالک کے سائنس دانوں، محققین، اساتذہ، طلبہ، پالیسی ساز اداروں کے نمائندوں اور ترقیاتی شعبے کے ماہرین نے شرکت کی،کانفرنس کے دوسرے روز کم کاربن اور موسمیاتی موافق زراعت، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ، مقامی علم، خواتین اور مقامی آبادیوں کی شمولیت، آبی وسائل کے پائیدار انتظام، مٹی کی صحت، پانی کے مؤثر استعمال اور خشک علاقوں میں پائیدار روزگار جیسے اہم موضوعات پر علمی و تحقیقی نشستیں منعقد ہوئیں۔ ماہرین نے کہا کہ کم کاربن زراعت، مٹی کی صحت، کاربن کے اخراج میں کمی، زرعی نظاموں کی پائیداری، آبی کفایت شعاری اور حیاتیاتی تنوع کا تحفظ مستقبل کی غذائی سلامتی کے لیے نہایت ضروری ہیں،کانفرنس کے دوران ’’حیاتیاتی تنوع اور نسلی شمولیت‘‘ کے عنوان سے پوسٹر مقابلہ بھی منعقد کیا گیا۔