اسلام آباد (صالح ظافر) پاکستان نے ایران کے لیے نیا سفیر مقرر کر دیا ہے۔ نئے نامزد سفیر عمران احمد صدیقی اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے تہران روانہ ہو گئے ہیں۔ اس تقرری سے قبل وہ دفتر خارجہ میں ایشیا پیسیفک کے ایڈیشنل فارن سیکرٹری کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ عمران احمد صدیقی اس سے پہلے بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر کے طور پر کام کر چکے ہیں، جہاں ان کے پاس بیک وقت بھوٹان کے سفیر کا اضافی چارج بھی تھا، اور وہ اس سے قبل مختلف اہم دارالحکومتوں میں بھی متعدد سفارتی عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انتہائی بااعتماد سفارتی ذرائع نے جنگ کو بتایا کہ ایران میں تعینات پاکستان کے سفیر محمد مدثر ٹیپو نے اپنے عہدے کا چارج چھوڑ دیا ہے اور وہ اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالنے سے قبل اسلام آباد واپس پہنچ رہے ہیں۔