• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ہائیکورٹ، ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو اپارٹمنٹ مالکان کو بیدخلی سے روک دیا

اسلام آباد (عاصم جاوید) ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کیس میں بڑی پیشرفت، اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپارٹمنٹ مالکان کو بے دخل کرنے سے روک دیا۔ عدالت نے ہدایت کی ہے کہ اپارٹمنٹ مالکان کو تا حکم ثانی ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو سے بے دخل نہ کیا جائے۔ گزشتہ روز سابق ایئر چیف مجاہد انور خان، سابق صدر آئی سی سی احسان مانی اور سابق چیئرمین سینیٹ وسیم سجاد سمیت ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کے دیگر سب لیز ہولڈر اپارٹمنٹ مالکان کی انٹرا کورٹ اپیلوں کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محمد اعظم خان اور جسٹس انعام امین منہاس پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کی۔ اپیل کنندگان نے تھرڈ پارٹی رائٹس کے تحفظ کیلئے سنگل بنچ کے پیراگراف 30 کو چیلنج کر رکھا ہے۔ سماعت کے موقع پر اپیل کنندگان کی جانب سے تیمور اسلم اور علی رضا ایڈووکیٹ جبکہ سی ڈی اے کی جانب سے کاشف علی ملک ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ کاشف علی ملک ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ چیئرمین سی ڈی اے بیرون ملک تھے کل ہی وہ واپس آئے ہیں، اس کے باجود میں نے اس حوالے سے جواب جمع کرایا ۔ جسٹس انعام امین منہاس نے کہا کہ مکمل کیس تو بعد میں سنیں گے، اسٹے کی حد تک ان کی درخواست ہم نے آج دیکھنی ہے۔ سی ڈی اے کے وکیل نے کہا ہمارا موقف ہے کہ یہ اپیلیں قابل سماعت نہیں۔ جسٹس انعام امین منہاس نے کہا جب یہ معاملہ سپریم کورٹ میں تھا تو کیا ان اپارٹمنٹ مالکان کے معاملے کو دیکھا گیا تھا؟ انہوں نے جس آرڈر کو چیلنج کیا ہے اس کے مطابق بھی ان کا رائٹ تو موجود ہے۔

اہم خبریں سے مزید