واشنگٹن، اسلام آباد( عظیم ایم میاں،رانا غلام قادر) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی اور خطے اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت و سرمایہ کاری، سیکورٹی اور انسداد دہشت گردی سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا، اسحاق ڈار نے کہا کہ فلسطینی ریاست کے بغیر اسرائیل کو تسلیم کرنے سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات مفید اور با مقصد رہی، مارکو ربیو مناسب وقت پر دورہ پاکستان کیلئے تیار ہیں۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ اسحق ڈار نے اپنے چینی ہم منصب وانگ ای سے ملاقات کی جس میں حالیہ علاقائی پیش رفت اور خطے سمیت پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ وانگ ای نے پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاک۔امریکا تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور خطے اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔مارکو روبیو نے خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مخلصانہ سفارتی اور ثالثی کوششوں کو سراہا۔دونوں رہنماؤں نے تجارت و سرمایہ کاری، سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا اس کے علاوہ اعلیٰ سطحی تبادلوں اور علاقائی امن، سلامتی اور خوشحالی میں مشترکہ مفادات کی بنیاد پر پاک۔امریکا شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اسلام اآ باد کیلئے روانہ ہوگئے۔ نائب وزیراعظم اسحق ڈار نے کہا کہ ماضی میں پاکستان-امریکا تعلقات میں اتار چڑھاؤ ، پابندیاں اور Transactional نوعیت حقیقت ہیں اور اب ہم پاک ۔امریکا تعلقات کو دیرپا اور وسیع بنیادوں (substantive) پر استورا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ میری امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات بامقصد اور اہم رہی ہے۔ مارکو روبیو مناسب وقت پر پاکستان کا دورہ کرنے پر بھی آمادہ ہیں۔ یہ بات انہوں نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس ہوئے نمائندہ جنگ/ جیو عظیم ایم میاں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ ماضی کے پاک۔امریکا تعلقات میں تلخیوں اور پابندیوں کے ریکارڈ کے تناظر میں موجودہ دو طرفہ تعلقات بارے سوال کیا گیا تھا۔علاوہ ازیں امریکی وزیر خارجہ ( سیکرٹری اف اسٹیٹ) مارکو روبیو نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ملاقات کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایک بیان جاری کیا ہے۔ امریکی وزیر خار جہ مارکو روبیو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات ہو ئی ۔ میں نے مشرقِ وسطیٰ میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے مسلسل کردار پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔ہم نے اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے لیے بہتر سلامتی اور زیادہ خوشحالی کے حصول کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ضروری ہے۔ہم نے ایک بامعنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ نے ملاقات سے قبل کی مشترکہ تصویر بھی جاری کی ہے۔نیو یارک اور واشنگٹن میں ملاقاتوں کے بعد وہ دورہ مکمل کرکےآج اسلام آ باد واپس پہنچیں گے۔قبل ازیں ئب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سرکاری دورے پر واشنگٹن پہنچے تواُن کا استقبال امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ اور پاکستان سفارتخانے کے سینئر حکام نے کیا۔