کراچی(اسٹاف رپورٹر)سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ میرے خیال میں حج مشکل نہیں تھا، کیو نکہ آپ عبادت کیلئے آتے ہیں، کسی بھی مسلمان کیلئے زندگی میں ایک بار حج کرنا ضروری ہے۔ حج کے دوران مجھے تصویروں نے زیادہ تھکا دیا تھا، میں معافی چاہتا ہوں، مجھے محبت ہے، منیٰ میں نماز سے فارغ ہوا تھا تو 7 لوگ تصاویر لینے کیلئے کھڑے تھے، حج کا ایک بہترین تجربہ رہا اور میں نے سب کیلئے دعا کی۔ وسیم اکرم نے اپنے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں فخر عالم کی جانب سے حج اور عید کی مبارک باد دی گئی اور سوئنگ کے سلطان سے ذیابیطس کے مریض ہونے کی حیثیت سے مشکلات پیش آنے کے حوالے سے سوال کیا گیا۔ وسیم اکرم نے کہا کہ میں اپنی جمی ہوئی انسولین ساتھ لے کر آیا تھا جو 24 گھنٹے تک چل جاتی ہے۔ وسیم اکرم نے اس سال قومی ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق اور ٹی وی پریزنٹر فخر عالم کے ہمراہ حج کی سعادت حاصل کی، اس حوالے سے ان کی تصاویر اور ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہیں۔