سڈنی (ایجنسیاں) آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مارک ٹیلر نے کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے بگ بیش لیگ کے افتتاحی میچز بھارت لے جانے کی تجویز پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ مارک ٹیلر نے کہا کہ ملک کی نمائندگی پر لیگز کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ دسمبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران بی بی ایل میچز بھارت میں کروانا ٹیسٹ کرکٹ کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ عالمی کرکٹ میں اب سارا پیسہ بھارت میں ہے اور بورڈ اسے خوش کرنے میں لگا ہوا ہے۔ اسی لیے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے کچھ کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل ہی نہیں کیا کیونکہ وہ آئی پی ایل کے فائنلز کھیل رہے ہوں گے۔ ٹیلر نے کہا کہ آسٹریلوی عوام آئی پی ایل کو اتنی دلچسپی سے نہیں دیکھتے، میں خود بھی فالو نہیں کرتا، لیکن پیسہ حاوی ہونے کی وجہ سے اب عالمی کرکٹ ایک کھچڑی بن چکی ہے ۔