کراچی(اسٹاف رپورٹر/جنگ نیوز)احمد آباد میں رائل چیلنجرز بنگلورو نے آئی پی ایل 2026 میں اپنے ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرلیا ۔ ویرات کوہلی نے تین چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 75رنز کی اننگز کھیلی ۔ دفاعی چیمپئن رائل چیلنجرز بنگلورونے فائنل میں شمبن گل کی ٹیم گجرات ٹائٹنز کو وکٹوں سے ہرادیا۔ بنگلورو کی ٹیم آئی پی ایل کی تاریخ میں اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کرنے والی محض تیسری ٹیم بن گئی ہے۔ نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں آر سی بی کے کپتان رجت پاٹیدار نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، جو بالکل درست ثابت ہوا۔ بنگلورو کے بولرز نے پچ کی نمی کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور گجرات ٹائٹنز کو 8 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز تک محدود کر دیا۔ واشنگٹن سندر 50رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ جوش ہیزل ووڈ نے پہلے ہی اوور میں شبمن گل کو آؤٹ کر کے حریف ٹیم کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔ بنگلورو کیلئے راسخ سلام نے 27 رنز کے عوض 3 اور بھونیشور کمار نے 29 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں ۔156 رنز کا ہدف آر سی بی نے ویرات کوہلی کی بیٹنگ کی بدولت 2 اوورز قبل ہی 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ویرات کوہلی نے اپنے آئی پی ایل کیریئر کی تیز ترین ففٹی اسکور کی۔ کوہلی نے 75 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو یادگار فتح دلائی ۔ راشد خان نے 25 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں ۔ فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ کا ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے فائنل میچز میں کبھی نہ ہارنے کا ناقابلِ شکست ریکارڈ برقرار رہا۔