کراچی(اسٹاف رپورٹر) تین ملکی ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ میں ویسٹ انڈیز کے بعد میزبان آئرلینڈ نے بھی پاکستان کو با آسانی 7وکٹ سےشکست دے دی اور نئی تاریخ رقم کی۔ میچ کا فیصلہ پانچ گیندیں پہلے ہوگیا۔ آئر لینڈ نے تاریخ کا سب سے بڑا177رنز کا ہدف عبور کیا ۔ تین ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں پاکستان کا تیسرا نمبر ہے۔ دو کیچ ڈراپ ہونے سے پاکستانی بولنگ دباؤ میں آگئی ۔ ربیکا اسٹو کل نے سب سے زیاہ 60رنز بنائے۔ پاکستانی بولنگ بے اثر دکھائی دی ۔ اتوار کو ڈبلن میں ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مصروف پاکستانی ٹیم کو مسلسل دوسری شکست ہوئی۔ ویسٹ انڈیز دونوں میچ جیت چکی ہے۔ آئرلینڈ کی جانب سے ایمی ہنٹر نے44 گیندوں پر 56رنز بنائے۔ عائشہ ظفر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ قبل ازیں پاکستان نے مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹ پر 176 رنز اسکور کئے۔ اوپنر منیبہ علی نے 65، سائرہ جبین نے 36 اور گل فیروزہ نے 32 رنز بنائے۔ ایوا کیننگ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کپتان فاطمہ ثنا فیلڈنگ کے دوران ان فٹ ہو کر باہر چلی گئیں۔