کراچی (نیوز ڈیسک) یورپی یونین کو مراکش میں چینی صنعتی پھیلاؤ پر تشویش، اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سے نئی تجارتی کشیدگی، ملک میں چینی آٹو اور بیٹری صنعت کا تیزی سے فروغ، چینی کمپنیاں مراکش کو یورپی منڈی تک رسائی کا ذریعہ بنا رہی ہیں، ای یو تجارتی دفاعی اقدامات پر غور کرنے لگی۔ فنانشل ٹائمز کے مطابق یورپی یونین میں اس بات پر بڑھتی ہوئی تشویش پائی جا رہی ہے کہ چین مراکش میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے ذریعے ایک وسیع صنعتی بنیاد قائم کر رہا ہے جو مستقبل میں یورپی صنعتوں کے لیے بڑا چیلنج بن سکتی ہے۔ فنانشل ٹائمز کے مطابق مراکش کے شہر طنجہ کے قریب محمد ششم ٹیک سٹی میں چینی کمپنیوں کی جانب سے آٹو پارٹس، بیٹری اجزاء اور الیکٹرک گاڑیوں سے متعلق فیکٹریاں تیزی سے قائم کی جا رہی ہیں۔