راولپنڈی (راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) ضلع مری اور راولپنڈی میں عیدالاضحی کے 3دنوں میں 12ہزار385ٹن سے زائد آلائشیں ٹھکانے لگا ئی گئیں ۔جبکہ محکمہ داخلہ پنجاب کی طرف سے سڑکوں پر سرعام سری پائے بھوننے پرپابندی کی دھجیاں بکھیردی گئیں۔بغیر این او سی کھالیں اکھٹی کرنے پر تحصیل صدر راولپنڈی میں کارروائی کی گئی۔میں ایک ایف آئی آر درج کرائی گئی۔ضلع مری کی تمام یونین کونسلز میں مجموعی طور پر 385 ٹن قربانی کی آلائشیں ٹھکانے لگائی گئیں۔راولپنڈی میں12ہزار ٹن آلائشیں ٹھکانے لگائی گئیں۔ ملکہ کوہسار مری میں چار روزہ صفائی آپریشن کے دوران 45 ہزار بائیو ڈی گریڈیبل بیگز تقسیم کیے گئے جبکہ بدبو اور جراثیم کے خاتمے کے لیے 15 ہزار کلوگرام چونا، 900 لیٹر فینائل اور 450 لیٹر گلاب کا پانی استعمال کیا گیا۔ نو سو سے زائد صفائی ورکرز، سپروائزرز اور فیلڈ اسٹاف نے خدمات سرانجام دیں۔ضلع راولپنڈی میں عید صفائی آپریشن میں 6340 سے زائد ورکرز اور 1066 گاڑیاں و مشینری نے حصہ لیا۔ صفائی آپریشن کیلئےتمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں تھیں۔صفائی آپریشن کےچار دنوں میں 1500 شکایات موصول ہوئیں۔