• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان اور گردونواح میں منشیات کے پھیلتے کاروبار پر اے آئی جی ساؤتھ پنجاب کا نوٹس

ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان اور گردونواح میں آئس اور چرس کے پھیلتے کاروبار پر ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب کا نوٹس، تحقیقات کا حکم، منشیات فروشوں اور مبینہ سہولت کاروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ، شہریوں کا بلاامتیاز کارروائی کا مطالبہ،ملتان شہر اور گردونواح میں منشیات خصوصاً آئس اور چرس کی مبینہ سرعام فروخت پر پولیس کی کارکردگی اور تھانوں میں ٹاؤٹ مافیا کے کردار کے حوالے سے سامنے آنے والی شکایات پر ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب کامران خان نے تحقیقات کا حکم دے دیا،ذرائع کے مطابق ایڈیشنل آئی جی نے ملتان پولیس کو ہدایت جاری کی ہے کہ منشیات فروشوں، ان کے سہولت کاروں اور پشت پناہی کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے،تھانہ صدر کے علاقے میں آئس فروخت کرنے کے الزام میں تین ملزمان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، تاہم مقامی شہریوں کا الزام ہے کہ چند لیٹر شراب یا معمولی مقدار میں منشیات کے مقدمات درج کرکے اصل کرداروں کو بچایا جاتا ہے جب کہ بڑے منشیات فروش بدستور سرگرم ہیں اور اس صورتحال نے قانون پسند شہریوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے، مقامی سماجی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ منشیات کا کاروبار صرف افراد کو نہیں بلکہ پورے معاشرے، خاندانوں اور آنے والی نسلوں کو تباہ کر رہا ہے،شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس اور ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ نوجوان نسل کو تباہی سے بچایا جا سکے۔
ملتان سے مزید