• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نشتر ہسپتال‘ ڈاکٹرز اور عملے کی مبینہ غفلت سے حادثے میں جاں بحق نوجوان کے ورثادربدر

ملتان (سٹاف رپورٹر) نشتر ہسپتال کے ڈاکٹرز اور عملے کی مبینہ غفلت سے حادثے میں جاں بحق نوجوان کے ورثا کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا، تفصیلات کے مطابق ملتان روڈ 19کسی کے قریب ٹریفک حادثے میں تحصیل جہانیاں کا رہائشی موٹر سائیکل سوار نوجوان محمد آفتاب جاں بحق جب کہ اس کی والدہ شدید زخمی ہوگئیں،ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق نوجوان کی لاش قانونی کارروائی کے لیے نشتر ہسپتال منتقل کی گئی،متوفی کے ورثا نے الزام عائد کیا ہے کہ ہسپتال کے عملے نے لاش کو پوسٹ مارٹم روم میں منتقل کرنے کے بعد کمرے کو تالا لگا دیا اور متعلقہ عملہ و ڈاکٹر موقع سے غائب ہوگئے جب کہ اہل خانہ لاش کو سخت گرمی میں رکھ کر کئی گھنٹے تک پوسٹ مارٹم اور ضروری کارروائی کے لیے انتظار کرتے رہے، ورثا کا کہنا ہے کہ تقریباً چار سے پانچ گھنٹے بعد ذاتی اثر و رسوخ کے ذریعے عملے اور ڈاکٹرز کو بلایا گیاجس کے بعد کارروائی شروع ہوسکی،متاثرہ خاندان نے اس صورتحال پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں انہیں مزید اذیت کا سامنا کرنا پڑا،متاثرہ خاندان نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر ملتان اورمحکمہ صحت جنوبی پنجاب کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کروا کر ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کسی بھی خاندان کو ایسے حالات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ملتان سے مزید