ملتان (سٹاف رپورٹر) شہر کے پوش علاقے آفیسرز کالونی میں نئی سیوریج لائن بھی مسائل حل نہ کر سکی، سیوریج کا پانی سڑکوں پر جمع ہونے سے مکینوں کو شدید پریشانی کا سامنا،پورے علاقہ میں تعفن پھیل گیا، آفیسرز کالونی کے مکینوں کا کہناہے کہ چند ہفتے قبل بچھائی گئی نئی سیوریج لائن سے بھی مسئلہ حل نہیں ہوا اور سیوریج لائن مختلف مقامات سے لیک کر رہی ہے جس کے باعث گندا پانی سڑکوں اور گلیوں میں جمع ہو رہا ہے جس سے آمدورفت متاثر ہو رہی ہے، مکینوں کا کہنا ہے کہ سیوریج کے پانی اور کھلے گٹروں سے اٹھنے والی بدبو اور تعفن نے علاقے کے رہائشیوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، اہل علاقہ نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سیوریج لائن کا فوری معائنہ کر کے لیکیج دور کی جائے اور نکاسی آب کے نظام کو موثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو اس پریشانی سے نجات مل سکے۔