• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2028 کا میزبان پاکستان، بھارتی ٹیم نہیں آئیگی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)آئی سی سی نے اعلان کیا ہے کہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2028 کی میزبانی پاکستان کرے گا، بھارتی ٹیم پاکستانی نہیں آئے گی ۔ بھارت کے میچ نیوٹرل وینیو پر ہائی برڈ ماڈل کے تحت کھیلے جائیں گے۔12 میں سے دس ٹیمیں خود بخود کوالیفائی کر لیں گی، جس میں انگلینڈ میں اس ماہ ہونے والے ایونٹ کی ٹاپ آٹھ ٹیمیں، میزبان پاکستان شامل ہوگا، اور 6 جولائی 2026 تک خواتین کی عالمی رینکنگ میں اگلی سب سے زیادہ رینک والی ٹیمیں شامل ہیں۔ آئی سی سی بورڈ نے چیف ایگزیکٹوز کمیٹی کی متعدد سفارشات سمیت مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے گلوبل کوالیفائر کی منظوری دے دی ۔ خراب روشنی کی صورت میں کھیل کو زیادہ سے زیادہ ممکن بنانےکیلئے آزمائشی بنیادوں پر ٹیسٹ میچوں میں دونوں ٹیموں کے رضامندی کے ساتھ پنک بال کا استعمال کیا جاسکے گا ۔ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے احمد آباد میں ہونے والے بورڈ میٹنگز کا اعلامیہ پیر کو جاری کردیا ہے۔ جس کے مطابق ٹی ٹوئنٹی میچوں میں اننگز کے دوران وقفے کو 15 منٹ کر دیا گیا، ویمنز چیمپئنز ٹرافی 2027 کی ونڈو کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔ جو اب جون جولائی کی بجائے 14 سے 28 فروری تک کھیلی جائے گی ۔ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2028 کے کوالیفکیشن پاتھ وے کی منظوری دے دی گئی ۔آئی سی سی کا دو رکنی وفد بنگلہ دیش کا دورہ کرکے بی سی بی کے انتخابی عمل کے جائزے سمیت مختلف اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں کرے گا ۔ آئی سی سی بورڈ نے بڑھتی ہوئی فرنچائز کرکٹ پر تشویش کا اظہار کیا اور اس حوالے سے کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو موجودہ ڈھانچے میں رہتے ہوئے انٹرنیشنل کیلنڈر اور فرنچائز کرکٹ کے درمیان توازن قائم کرنے کا جائزہ لے گی۔

اسپورٹس سے مزید