کراچی (ٹی وی رپورٹ) پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ نے ن لیگی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے گلگت بلتستان میں ہونے والے الیکشن پر ڈاکا ڈالنے کا منصوبہ بنالیا ہے ، تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی بیرسٹر عمیر نیازی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے باہر دھرنے کا جواعلان وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کیا ہے اس پر پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی میں فیصلہ نہیں ہوا ، وزیر مملکت برائے قانون وانصاف بیرسٹر عقیل کا کہنا ہے کہ اتحادیوں اور ن لیگ کو ایک دوسرے پرا عتماد ہے،پیپلز پارٹی کی رضامندی اور اجازت کے بغیر کوئی قانون سازی نہیں ہوتی، تینوں مہمان جیو نیوز کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک ‘‘میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے ۔ میزبان حامد میر نے پروگرام کے آغاز میں کہا کہ سہیل آفریدی ایک دفعہ پھر وفاقی حکومت کے خلاف میدان میں آچکے ہیں اور کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں جب بجٹ پیش کیا جائے گا وہ قومی اسمبلی کے سامنے دھرنا دیں گے چونکہ عمران خان سے ملاقات نہیں کرائی جارہی ہے۔