• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی اردو یونیورسٹی کا عبدالحق کیمپس ایک روز کے لیے بند

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) رجسٹرار اردو یونیورسٹی نے جمعرات 4جون 2026کو ایک روز کے لیے عبدالحق کیمپس بند کردیا ہے۔ جمعرات کو عبدالحق اور گلشن کیمپس کی انجمن اساتذہ کا مشترکہ اجلاس متوقع تھا جس میں یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف سخت فیصلے کیے جانے تھے تاہم زرائع کے مطابق پولسنے اسسٹنٹ کمشنر گارڈن ساؤتھ کو ایک خط کے ذریعے سفارش کی تھی کہ محرم الحرام کے دوران وفاقی اردو یونیورسٹی کے عبدالحق کیمپس میں کسی بھی قسم کی مذہبی سرگرمی کے لیے این او سی جاری نہ کیا جائے۔ پولیس کو موصول ہونے والی انٹیلی جنس اطلاعات میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ محرم کے دوران مختلف طلبہ گروپ اپنے اپنے مسلک سے متعلق بینرز آویزاں کرنے اور سبیلیں لگانے کا ارادہ رکھتے ہیں، جس سے فرقہ وارانہ کشیدگی اور امن و امان کی صورتحال متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔گزشتہ سال یکم جولائی کو عبدالحق کیمپس میں دو طلبہ گروپوں کے درمیان ہونے والے تصادم کا حوالہ بھی دیا گیا ہے، جس کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ کی مدعیت میں تھانہ عیدگاہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے سفارش کی ہے کہ محرم کے دوران کیمپس میں کسی بھی قسم کے بینرز، اسٹالز یا سبیل لگانے کی اجازت نہ دی جائے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ دوسری جانب یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے عبدالحق کیمپس بند کرنے کے فیصلے پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنس اداروں اور پولیس کی سفارشات صرف مذہبی سرگرمیوں اور اجتماعات سے متعلق تھیں، جبکہ اسی شاہراہ پر واقع دیگر اہم تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ پورے کیمپس کی بندش ایک غیر ضروری اور غیر دانشمندانہ اقدام ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعرات کو عبدالحق اور گلشن کیمپس کی انجمن اساتذہ کا مشترکہ اجلاس متوقع تھا، جس میں یونیورسٹی کو درپیش انتظامی، مالی اور تعلیمی مسائل پر غور اور وائس چانسلر کی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی لائحہ عمل طے کیا جانا تھا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس اب گلشن کیمپس میں منعقد ہوگا، جہاں اساتذہ تنظیمیں وائس چانسلر کے خلاف احتجاج کریں گی۔ اساتذہ کا مؤقف ہے کہ انتظامی فیصلوں اور پالیسیوں کے باعث جامعہ مالی، انتظامی اور تعلیمی بحران کا شکار ہوئی ہے۔
اہم خبریں سے مزید