کوئٹہ (این این آئی) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی خوشحالی، عوامی فلاح اور مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔ کوئٹہ میں مختلف سماجی، عوامی اور خاندانی تقریبات میں شرکت کے دوران انہوں نے عوام سے قریبی رابطے اور اجتماعی اقدار کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے سردار ولی کے صاحبزادے فضل محمد کی شادی کی تقریب میں شرکت کرکے دولہا اور اہلِ خانہ کو مبارکباد دی، جبکہ سابق کونسلر و ناظم میر اسلم کی رہائش گاہ پر بھی جا کر ان کے صاحبزادے کی شادی کی خوشی میں شریک ہوئے اور نوبیاہتا جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔بعد ازاں انہوں نے سابق چیئرمین انجمن تاجران بلوچستان خدائی دوست محمد خان مرحوم کے گھر جا کر اہلِ خانہ سے تعزیت کی، مرحوم کی تاجر برادری اور بلوچستان میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور فاتحہ خوانی کی۔