کوئٹہ (این این آئی)چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ مئی 2026 میں ملک میں دہشتگردی کے واقعات میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ان کے مطابق مئی میں دہشتگردی کے 128واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ اپریل میں یہ تعداد 101 تھی، یوں ایک ماہ میں حملوں میں 27 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ مئی کے دوران 71 شہری، 68 سکیورٹی اہلکار اور 6 امن کمیٹی ارکان شہید جبکہ 185 افراد زخمی ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ خودکش حملوں کی تعداد بھی بڑھ کر 6 ہو گئی ہے، جو شدت پسند گروہوں کی خطرناک حکمت عملی کی نشاندہی کرتی ہے۔ سینیٹر عبدالقادر نے زور دیا کہ قومی انسدادِ دہشتگردی پالیسی، انٹیلی جنس تعاون اور سرحدی نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنا کر دہشتگرد عناصر کا قلع قمع کیا جائے تاکہ ملک میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔