کوئٹہ (آن لائن)بلوچستان کی بزنس کمیونٹی، ٹرانسپورٹرز، مائن اونرز، تاجروں اور زمینداروں نے امن و امان کی خراب صورتحال، مال بردار گاڑیوں کو نذر آتش کیے جانے اور تجارتی سرگرمیوں میں رکاوٹوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ اجلاس کی صدارت حاجی محمد ایوب مریانی نے کی۔شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹرز اور کاروباری طبقے کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے، شاہراہوں کو محفوظ بنایا جائے اور تجارتی سرگرمیوں کو درپیش مسائل فوری حل کیے جائیں، بصورت دیگر احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ حالیہ ہفتوں میں درجنوں مال بردار گاڑیاں نذر آتش ہو چکی ہیں جس سے کروڑوں روپے کا نقصان ہوا، جبکہ مختلف شاہراہوں اور چیک پوسٹوں پر تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا ہے۔ کمیٹی کا آئندہ اجلاس آج منعقد ہوگا جس میں مزید لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔