کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے خضدار، زہری میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ٹیلیفونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے سردار نصیر احمد موسیانی کے صاحبزادے میر خلیل احمد موسیانی کی شہادت، ان پر اہلِ خانہ کے سامنے مبینہ تشدد اور ان کے بیٹوں کو نمازِ جنازہ میں شرکت کی اجازت نہ دیئے جانے کے واقعات کو نہایت افسوسناک اور انسانی و سیاسی اقدار کے منافی قرار دیا انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف بلوچستان میں پہلے سے موجود بے چینی اور اضطراب میں اضافہ کر رہے ہیں بلکہ سیاسی کارکنوں اور نوجوانوں کو جمہوری اور پُرامن سیاسی جدوجہد سے پہلے سے بد ظن مزید بدظن کرنے کا باعث بھی بن رہے ہیں دونوں رہنماؤں نے اس امر پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں جبری گمشدگیوں، سیاسی کارکنوں کے خلاف کارروائیوں، خواتین کی گرفتاریوں، ماورائے آئین حراست اور سیاسی آزادیوں پر قدغنوں کے باعث صورتحال مسلسل سنگین ہوتی جا رہی ہے۔