پشاور(جنگ نیوز) آستانۂ عالیہ حضرت شاہ قبول اولیاء نمک منڈی پشاور میں مرکزی اصلاحی تنظیم السادات کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان اجتماع منعقد ہوا جس کی صدارت نقیب الاشراف، مفکرِ اسلام حضرت ابو زین پیر سید محی الدین محبوب حنفی قادری کاظمی ماتریدی، سجادہ نشین خانقاہ محبوب آباد شریف حویلیاں نے فرمائی۔ اس موقع پر پشاور بھر کے صحیح النسب ساداتِ کرام اور کوہاٹ سے سادات کرام کے اکابرین نے تنظیمی، تعلیمی اور فلاحی امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی اور مرکزی اصلاحی تنظیم السادات پشاور اور کوہاٹ کی مجلسِ شوری تشکیل دی گئی۔ مزید برآں، سادات میٹرمونیل سروس کے قیام کا اعلان کیا گیا، جس کی کور کمیٹی کے ممبران میں سید فیاض علی شاہ بخاری، سید زاہد حسین شاہ بھاکری، پیر سید اقبال حسین شاہ بخاری اور پیر سید مجاہد بن سید گیلانی شامل ہیں۔ کوہاٹ کی رابطہ کونسل کے اراکین کو کوہاٹ کی مرکزی اصلاحی تنظیم السادات کی مجلسِ شوری کا رکن مقرر کیا گیا۔صدرتقریب حضرت ابو زین پیر سید محی الدین محبوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ سادات کے نظم، اتحاد اور رابطہ باہمی کو میں عصرِ حاضر کی بنیادی ضرورت قرار دیتا ہوں۔ میں نے امریکہ اور کینیڈا میں سادات کے بے مثال کنونشن کئے اور پہلا عالمی سادات کنونشن امریکہ ایلنائے شکاگو میں منعقد کرکے عالمی سطح پر سادات کو منظم کیا، اور اب وقت ہے کہ ہم تعلیمی و فلاحی میدان میں سادات کرام کو ساتھ لے کر پائیدار عملی اقدامات کریں۔