اسلام آباد(رپورٹ۔ عرفان صدیقی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کراچی کے علاقے پورٹ قاسم میں 500 ایکڑ پر محیط جدید فیڈرل اسپیشل اکنامک زون قائم کر رہی ہے، جودسمبر تک مکمل ہوجائے گا اورملک میں صنعتی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کے لئےایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔روزنامہ جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے بتایا کہ اس منصوبے کے لئے مجموعی طور پر 7 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جن میں سے ڈیڑھ ارب روپے پہلے ہی خرچ کئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ میں منصوبے کی تکمیل کے لئے مزید ساڑھے پانچ ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔وفاقی وزیر کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر رکھی ہے، جس کے تحت تعمیراتی اور ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پورٹ قاسم اسپیشل اکنامک زون دسمبر 2026 تک مکمل ہو کر فعال ہو جائے گا۔احسن اقبال نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کاروباری اور صنعتی شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ پاکستان میں زیادہ سے زیادہ صنعتیں قائم ہوں، نئی سرمایہ کاری آئے اور برآمدات میں نمایاں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیڈرل اسپیشل اکنامک زون دراصل وزیر اعظم کے اقتصادی وژن کا عملی مظہر ہے، جو ملک کی معاشی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو جدید صنعتی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جس سے پاکستان کی صنعتی اور برآمدی صلاحیت میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔