اسلام آ باد ( رانا غلام قادر )وفاقی حکومت نےآئندہ مالی سال کے بجٹ میں ملک کےسب سےبڑےشہر کراچی کےمختلف جاری اور نئے منصوبوں کےلیےفنڈزرکھنےکا فیصلہ کیا ہے،وفاقی بجٹ میں کراچی گرین لائن بس منصوبے کے لیے ایک ارب اٹھانوےکروڑ روپےمختص کرنےکی تجویز ہے،جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سنٹرکراچی کےنئےمنصوبے کےلیے40کروڑ روپے،نیشنل ریسرچ اینڈ فرٹلیٹی کیئر اپ گریڈیشن کے لیے 39 کروڑاورنیشنل یونیورسٹی آف نرسنگ کےقیام کے لیے5 کروڑروپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کرنےکی تجویز ہے، شہرقائد میں سڑکوں،گلیوں،نکاسی وفراہمی آب کےمختلف منصوبوں کے لیےفنڈز رکھنے کی تجاویزدی گئی ہیں۔کراچی کےمختلف منصوبوں کے لیےفنڈزمختص کرنےکی تجاویز کوآئندہ مالی سال کےوفاقی بجٹ دستاویزکاحصہ بنایا گیا ۔بجٹ دستاویز کےمطابق ضلع غربی کراچی میں انفرااسٹرکچرکی بحالی کے لیے26کروڑروپے، ناظم آباد اورلیاقت آباد میں انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لیے37 کروڑ روپے، لانڈھی، زمان آباد، کورنگی ٹاون میں سڑکوں،فراہمی و نکاسی آب اورکھیل کے میدان کے جاری منصوبوں کےلیے35کروڑ روپےرکھنے کی تجویز ہے۔دستاویز کےمطابق آئندہ مالی سال ضلع کورنگی، ملیر میں سڑکوں، گلیوں اور نکاس آب کے منصوبوں کے لیے 5 کروڑ روپے کا ترقیاتی بجٹ رکھنے کی تجویز ہے۔