کراچی(اسٹاف رپورٹر) بھارتی کرکٹ بورڈ نے سوریا کمار یادیو کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی کپتانی سے فارغ کردیا ۔بھارتی بورڈ نے شریاس ائیر ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیا ہے۔بی سی سی آئی نے دورۂ آئر لینڈ، انگلینڈ اور ایشین گیمز کے لیے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈز کا اعلان بھی کردیا ۔تلک ورما کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ ہاردک پانڈیا اور جسپریت بمراہ کو آرام دیا گیا ہے۔دوسری جانب رنکو سنگھ اور کلدیپ یادیو اسکواڈ میں جگہ نہیں بنا سکے،شریاس ائیر ایشین گیمز میں بھی بھارتی ٹیم کی قیادت کریں گے۔سوریا کمار یادیو کو نہ صرف کپتانی سے ہٹایا گیا بلکہ اسکواڈ سے بھی باہر کر دیا گیا، حالانکہ حالیہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم نے ان کی قیادت میں ٹرافی جیتی تھی۔31سالہ شریاس ایئر طویل عرصے بعد ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپس آئے ہیں۔ آئی پی ایل میں مختلف فرنچائزز کو کامیابیاں دلانے کے بعد ان کی قیادت اور شاندار کارکردگی نے سلیکٹرز کو متاثر کیا۔بھارتی چیف سلیکٹر اجیت اگرکر کے مطابق ایئر کے پاس کپتانی کا بھرپور تجربہ موجود ہے اور وہ مستقبل کے منصوبوں کے لیے بہترین انتخاب ہیں۔اسکواڈ میں 15 سالہ نوجوان بیٹر ویبھاؤ سوریاونشی کو بھی پہلی مرتبہ شامل کیا گیا ہے۔ وہ حالیہ آئی پی ایل سیزن میں غیرمعمولی کارکردگی کے باعث توجہ کا مرکز بنے تھے۔اگر وہ آئرلینڈ یا انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو کرتے ہیں تو 16 سال کی عمر سے پہلے بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے والے بھارت کے پہلے کھلاڑی بن جائیں گے۔بھارت آئرلینڈ کے خلاف دو اور انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گا۔