کراچی(اسٹاف رپورٹر)لارڈز کرکٹ گراؤنڈ کی پچ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ میچ کے دوران شدید تنقید کا سامنا ہے۔میچ کے پہلے دو روز میں مجموعی طور پر 33 وکٹیں گرنے، غیر متوازن باؤنس اور گیند کے بعض اوقات غیر معمولی طور پر نیچے رہنے کے باعث سابق کرکٹرز نے پچ کے معیار پر سوالات کھڑے کر دیے ۔انگلش بیٹر جیکب بیتھل کیوی فاسٹ بولر میٹ ہنری کی ایک ایسی ہی گیند پر آؤٹ ہوئے جو توقع سے کہیں زیادہ نیچی رہی جس پر کمنٹیٹرز نے بھی تبصرے کیے،سابق انگلش کپتان ناصر حسین نے پچ کو معیار سے کم قرار دیتے ہوئے کہا کہ غیر متوقع باؤنس اور تیز گیند بازوں کو ملنے والی اضافی مدد نے بلے بازوں کے لیے حالات انتہائی دشوار بنا دئیے ہیں۔ مائیکل ایتھرٹن نے کہا کہ پچ کے باؤنس میں تسلسل کی کمی ہے اس لیے ایل بی ڈبلیو کے امکانات بڑھے۔سابق آسڑیلوی خواتین کرکٹر نے کہا کہ آپ ایسی گیند پر کچھ بھی نہیں کر سکتے، چوتھی اننگز میں نیوزی لینڈ کو یہ پچ پریشان کرے گی۔میچ کے ابتدائی دو دنوں میں ہر 25گیندوں کے بعد ایک وکٹ گرنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ بیٹنگ کرنا کس قدر مشکل ثابت ہوا ہے۔میچ کی صورتحال پر نظر ڈالیں تو پہلے روز 16 اور دوسرے روز 17 وکٹیں گریں۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 140 رنز بنائے جو کے جواب میں کیوی ٹیم اپنی پہلے اننگز میں 113 رنز بنا کر 27 رنز کے خسارے میں چلی گئی۔