کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی سی بی نے نیشنل چیمپئنز کپ کے شیڈول اور اسکواڈز کا اعلان کردیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے ساتھ ڈومیسٹک سیزن 2026-27 اور ورلڈ کپ کی تیاریوں کا آغاز ہوگا۔ ون ڈے ٹورنامنٹ 11 سے 18 اگست تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ڈے نائٹ میچز دوپہر تین بجے شروع ہونگے۔ سلیکشن کمیٹی نے پاکستان گرینز، گولڈ، وائٹس اور بلوز کے نام سے چار اسکواڈ بنائے ہیں ۔ شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ عبدالصمد، حیدر علی، معاز صداقت اور محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں کھیلیں گے۔ عرفات منہاس، حسن علی، شامل حسین، سفیان مقیم اور حسین طلعت، صاحبزادہ فرحان کی ٹیم میں ہوں گے۔ صائم ایوب کی ٹیم میں علی رضا، حارث رؤف، حسن نواز، خوشدل شاہ، وسیم جونیئر اور عثمان خان شامل۔ فخر زمان، محمد حسنین، سلمان مرزا، نسیم شاہ، اور سمیر منہاس شاداب خان کی قیادت میں جلوہ گر ہوں گے۔