کراچی (اسٹاف رپورٹر) پہلے کرکٹ ٹیسٹ کے تیسرے دن شان مسعود کی سنچری کے بعد پاکستانی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی ۔جسٹن گریوز کے سامنے بیٹرز کی سٹی گم ہوگئی۔ لنچ کے بعد پوری ٹیم282 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی اور ویسٹ انڈیز نے29 رنز کی برتری حاصل کی ایک موقع پر پاکستان برتری حاصل کرنے کے قریب تھا لیکن آخری سات وکٹیں 45رنز پر گرگئیں۔ جسٹن گریوز نے کیریئر بیسٹ بولنگ کرتے ہوئے گیارہ اوورز میں27رنز دے کر پانچ جبکہ کیمار روچ اور شمر جوزف نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔ خرم شہزاد19، محمد رضوان 12رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ آخری اطلاعات تک چائے کے وفقہ پر ویسٹ انڈیز صرف 30رنز پرتین وکٹ گنواچکی تھی، دو محمد عباس اور ایک محمد علی نے وکٹ لی۔ کپتانی سے الگ ہونے کے بعد شان مسعود نے سنچری جڑ دی ۔ وہ برائن لارا اسٹیڈیم میں سنچری بنانے والے پہلے بیٹسمین بن گئے۔ یہ ان کی ساتویں اور ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی سنچری ہے ۔ انہوں نے آخری سنچری جنوری2025 میں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹائون میں بنائی تھی۔ شان نے امام الحق کے ساتھ 155 ، بابر اعظم کے ساتھ41 اور آغا سلمان کے ساتھ 47 رنز کی شراکتیں بنائیں ۔ آغا سلمان کو شمر جوزف نے کلین بولڈ کیا۔ انہوں نے60گیندوں پر20رنز بنائے۔ اس سے پہلے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر پاکستان نے 3 وکٹوں پر 199 رنز بنا ئے تھے، شان مسعود 88 اور سلمان علی آغا صفر پر ناٹ آؤٹ تھے۔ اوپنر امام الحق نے 63 رنز کی اننگز کھیلی ۔ کپتان بابر اعظم 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ میزبان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 311 رنز بناکر آئوٹ ہوئی تھی۔