اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے، نیوز ایجنسیاں )پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پی پی آزاد جموں و کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ا سلام آبادمیں ہوااجلاس میں تشدد اور محاذ آرائی سے گریز کرتے ہوئے سیاسی عمل آگے بڑھانے پر زور دیا گیا جبکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی اور ہم نے ہمیشہ کشمیریوں کے مسائل کے حل کو ترجیح دی، سیاسی معاملات مذاکرات کے ذریعے حل ہونے چاہئیں، آزاد کشمیر کے مسائل کے حل کیلئے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کروں گا، مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے اسمبلی سے نکالا جائے گا۔اجلاس میں پی پی آزاد جموں و کشمیر کے سیاسی امور کی انچارج اور پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور بھی شریک ہوئیں، آزادکشمیر کی سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔