• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلیا کے ٹریڈ‘ انویسٹمنٹ اینڈ ایجوکیشن آفیسر کا ایوانِ تجارت و صنعت کا دورہ

ملتان (سٹاف رپورٹر ) آسٹریلین ہائی کمیشن اسلام آباد میں تعینات ٹریڈ، انویسٹمنٹ اینڈ ایجوکیشن آفیسراظہر شاہ نے ایوانِ تجارت و صنعت ملتان کا دورہ کیا اور قائمقام صدر ظہر بلوچ سمیت سینئر ممبران سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین تجارتی تعلقات کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع، نوجوانوں کی فنی تربیت، ڈیری فارمنگ، ٹیکسٹائل سیکٹر اور بین الاقوامی تجارتی میلوں میں شرکت کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سابق صدور خواجہ محمد حسین اور خواجہ محمد عثمان، ممبر ایگزیکٹو کمیٹی سید ثاقب علی، سیکرٹری جنرل محمد شفیق اور اسسٹنٹ سیکرٹری ساجد انصاری بھی موجود تھے۔قائمقام صدر ایوانِ تجارت و صنعت ملتان اظہر بلوچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملتان اور جنوبی پنجاب کا خطہ زراعت، ڈیری فارمنگ اور زرعی صنعتوں کے حوالے سے انتہائی موزوں اور زرخیز علاقہ ہے جہاں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ سابق صدر ایوان خواجہ محمد حسین نے بتایا کہ ملتان میں فوڈ پروسیسنگ، کنفیکشنری، سالونٹس اور پیسٹی سائیڈز کے شعبوں میں صنعتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔آسٹریلین ٹریڈ، انویسٹمنٹ اینڈ ایجوکیشن آفیسر اظہر شاہ نے کہا کہ پاکستانی کاروباری برادری آسٹریلیا سمیت دنیا بھر میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی ٹریڈ فیئرز میں فعال شرکت کرکے نئی منڈیوں تک رسائی حاصل کر سکتی ہے اور اپنی برآمدات میں اضافہ کر سکتی ہے۔ اس موقع پر ملتان کے عالمی شہرت یافتہ آموں کا بھی ذکر کیا گیا اور کہا گیا کہ جدید واٹر ٹریٹمنٹ اور برآمدی معیارات پر عملدرآمد کے ذریعے ملتان کے آموں کی عالمی منڈیوں تک رسائی کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔ملاقات کے اختتام پر انہیں ایوان کا نشان بھی اظہر بلوچ نے پیش کیا۔
ملتان سے مزید