• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میپکوملتان سرکل کی سرویلنس ٹیم نے بڑے پیمانے پر بجلی چوری پکڑ لی

ملتان(سٹاف رپورٹر)میپکوملتان سرکل کی سرویلنس ٹیم نے مختلف سب ڈویژنوں میں بڑے پیمانے پر بجلی چوری پکڑ لی ۔9بجلی چوروں کو جرمانے عائد کئے گئے مقدمات درج کروانے اور بجلی چوری کی نشاندہی نہ کرنے والے سب ڈویژنل اہلکاروں کے خلاف کاروائی کرنے کی سفارش بھی کردی گئی۔ سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو ملتان سرکل ساجد حسین گوندل کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل طارق محمود ڈار،سرکل سرویلنس ٹیم کے لائن سپریٹنڈنٹ فرسٹ کامران بزدار ، لائن سپریٹنڈنٹ سیکنڈ علی اصغر اورمیٹر ریڈر سیکشن سپروائزر محمد اسلم نے کینٹ سب ڈویژن کے علاقہ طارق آباد میں ڈائریکٹ تاروں سے کنڈیاں لگا کر بجلی چوری پکڑلی چیکنگ کے دوران موقع پر ائیرکنڈیشنرز چلائے جارہے تھے جبکہ اسی مقام پرنصب دوسرا میٹر 30666روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر31ماہ سے مستقل نادہندہ ہے ۔قائد اعظم روڈ کینٹ پر واقع نیٹ میٹرنگ کنکشن پر یونٹس ڈیبٹ /کریڈٹ کے بعد واجب الادا رقم اداکرنے کی ہدایت کی گئی ۔ طارق روڈ پر واقع رائل مینشن ہوٹل پر نیٹ میٹرنگ کنکشن پر اضافی لوڈ پکڑاگیا ۔ صارف کو منظور شدہ 14کلوواٹ لوڈ کے مقابلے میں موقع پر 21کلوواٹ لوڈ چلایاجارہاتھا ۔ممتازآبادسب ڈویژن کے علاقہ میں واقع سنوکر کلب پر نصب نیٹ میٹرنگ کنکشن کی بلنگ کا ریکارڈ متنازعہ پایاگیا اور موقع پر46ایمپئر لوڈ چلایاجارہاتھا ۔ سرویلنس ٹیم نے شواہد کی روشنی میں میٹر کو بوگس قراردیا اور بجلی چور صارف کی سہولت کاری کرنے پر متعلقہ اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کاروائی کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ واپڈا ٹاؤن سب ڈویژن کے علاقہ الفلاح کالونی میں بوگس میٹر کے ذریعے بجلی چوری پکڑی گئی جبکہ اسی میٹر سے دوسرے گھر کو بھی بجلی چوری کروائی جارہی تھی ۔ نواں شہر سب ڈویژن کے علاقہ نشتر ہسپتال روڈ پر نصب گرین میٹر پر 5851یونٹس التواء میں رکھ کر غیر قانونی فائدہ پہنچایاجارہاتھا ۔گلگشت سب ڈویژن علاقہ گلگشت کالونی میں واقع ہاسٹل میں ڈائریکٹ سپلائی سے بجلی چوری پکڑی گئی۔ بجلی چوری کرکے موقع پر اے سی چلائے جارہے تھے اور پورا سال 236یونٹس سے زیادہ ریڈنگ نہیں پائی گئی۔ شاہ رکن عالم سب ڈویژن کے علاقہ میں صارف کا میٹر ڈیڈ سٹاپ پایاگیا اور سرویلنس ٹیم کی چیکنگ کے دوران میٹرپر ہیوی لوڈ چلایاجارہاتھا۔
ملتان سے مزید