• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلگت بلتستان پیپلز پارٹی کی کامیابی حق کی فتح ہے، نیلوفر بابر

پشاور(جنگ نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی سینئر نائب صدر اور رکن صوبائی اسمبلی نیلوفر بابر نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی نمایاں کامیابی پر پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری اور تمام کامیاب امیدواروں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے باشعور عوام نے جمہوریت، ترقی اور عوامی خدمت کے حق میں اپنا واضح فیصلہ دیا ہے، جس پر وہ عوام کی شکر گزار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی جانب سے پیپلز پارٹی کی قیادت اور منشور پر اعتماد اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ جماعت ملک بھر کے عوام کے حقوق کے تحفظ اور مساوی ترقی پر یقین رکھتی ہے۔نیلوفر بابر نے کہا کہ انتخابات میں کامیابی صرف پاکستان پیپلز پارٹی کی نہیں بلکہ گلگت بلتستان کے عوام کی بھی کامیابی ہے، جنہوں نے جمہوری عمل میں بھرپور حصہ لے کر اپنی سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے پارٹی کارکنان اور رہنماؤں کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک کوششوں نے اس کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی عوامی خدمت، نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے، اور عوام نے اس وژن پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔آخر میں نیلوفر بابر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کرے گی۔
پشاور سے مزید