تہران (اے ایف پی /نیوزڈیسک )لبنان پر اسرائیلی فضائی حملے جاری ‘12 افراد شہید‘حزب اللہ کے صیہونی افواج پرراکٹوں اور ڈرونز سےجوابی وار‘خلیج عمان میں آئل ٹینکرپر امریکی جنگی طیارے کی فائرنگ ‘ جہازپر سوار عملے کے 24 بھارتی ارکان میں سے 21کو بچالیاگیا‘3لاپتہ ‘ہندوستان کا شدیداحتجاج ‘نئی دہلی میں امریکی ناظم الامور طلب ‘آبنائے ہرمز میں اپاچی ہیلی کاپٹرمارگرائے جانے کے بعد امریکا کی ایرانی جنوبی علاقوں جاسک‘ سرک اور جزیرہ قشم پر بمباری ‘مواصلاتی ٹاور‘آبی ذخائر نشانہ ‘ سرک میں پانی کی تقسیم کا انفرااسٹرکچر شدید متاثر‘20ہزارافرادپینے کے پانی سے محروم ‘ تہران کی ڈرونز اور میزائلوں سے جوابی کارروائیاں ‘ اردن‘ بحرین اورکویت میں امریکی اڈے نشانہ ‘کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرتباہ ۔کشیدگی میں کمی کیلئے قطرکا ثالثی وفد تہران پہنچ گیا‘امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دیتے ہوئے کہاہے کہ ایران نے معاہدہ کرنے میںبہت تاخیر کردی ہے اور اب اسے اس کی قیمت چکانی پڑے گی۔ ایران پر آج پھر سخت حملہ کریں گے۔امریکی فوج نے خفیہ طور پر 100 ملین بیرل تیل کو آبنائے ہرمز سے گزرنے میں مدد فراہم کی ہے‘ دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ سفارتکاری اورمیدان جنگ الگ معاملات نہیں‘ امریکی حملوں سے سفارتی کوششوں کو شدیدنقصان پہنچا ہے ‘ واشنگٹن سے سفارتی روابط پر نظرثانی کرنا ہوگی‘خلیجی ممالک امریکی اوراسرائیلی حملے روکنے کی ذمہ داری پوری کریں جبکہ صدر مسعود پزشکیان نے واضح کیا ہے کہ ایرانی قوم بمباری‘ دھمکیوں اور فوجی دباؤ کے ذریعے ہار نہیں مانے گی‘اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس نے مشرق وسطیٰ میں دوبارہ مکمل جنگ شروع ہونے کے خطرے سے خبردار کر دیا جبکہ روس اورچین نے دونوں فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور فوری طور پر حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ادھر ٹرمپ انتظامیہ نے ایران سے متعلق پابندیوں کے ایک نئے مرحلے کا اعلان کیا ہے جس میں چھ افراد اور چار اداروں کو نشانہ بنایا گیا ہے جن میں سے کچھ کا تعلق چین سے ہے۔ایک اسرائیلی فوجی اہلکار نے بدھ کے روز بتایا کہ اس ہفتے ایران کے میزائل حملوں کے دوران اسرائیل کے ایک اہم فضائی اڈے (ایئر بیس) کو نقصان پہنچا ہےجبکہ سینٹرل کمانڈکے مطابق امریکی جنگی طیارے نے خلیج عمان میں ایک آئل ٹینکر پر فائرنگ کر کے اسے ناکارہ بنا دیا ہے جوناکہ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایران سے تیل منتقل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ تفصیلات کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے بدھ کو دعویٰ کیا کہ انہوں نے اردن میں واقع ایک امریکی فوجی اڈے پر چار اہداف کو نشانہ بنایا۔بیان کے مطابق ایرانی افواج نے اردن کے علاقے الازرق میں واقع ایک فضائی اڈے پر ایف 35جنگی طیاروں کے ٹھکانوں سمیت چار اہم اہداف اور امریکی فوج کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔اردن کی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے بدھ کو ایران سے داغے گئے پانچ میزائل مار گرائے۔پاسداران انقلاب کے مطابق انہوں نے بحرین میں واقع ایک امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا ہے۔