کراچی (ٹی وی رپورٹ) مشیر وزیراعظم برائے سیاسی اُمور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی حکومت سازی سے متعلق موجودہ نمبر گیم میں تبدیلی آئے گی ۔ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے کہا کہ ورکر اور ووٹر چاہتے ہیں پی ٹی آئی ، ایم ڈبلو ایم اور جے یو آئی کے ساتھ حکومت بنے۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شہرام ترکئی نے کہا کہ ہم اپوزیشن میں ہی رہیں تو بہتر ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں حامد میر سے گفتگو کر رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغاز میں میزبان حامد میر نے کہا کہ بجٹ بار بار ملتوی ہو رہا ہے اور ابھی تک گلگت بلتستان میں حکومت کیوں نہیں بن پائی ہے؟ ۔ مشیر وزیراعظم برائے سیاسی اُمور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی شرائط نہیں تھیں وفاق حکومت کی کچھ باتیں تھیں مثال کے طو رپر وفاق اور صوبوں کے درمیان وسائل کی تقسیم سے متعلق اور نون لیگ کا یہ کہ اس پر نظر ثانی ہونی چاہئے ان وجوہات کی وجہ سے بجٹ میں تاخیر ہوئی۔