• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھرپارکر میں تشدد کا نشانہ بننے والی اونٹنی کو بہترین طبی امداد دی جائے، وزیراعلیٰ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)تھرپارکر میں تشدد کا نشانہ بننے والی اونٹنی کیلئے وزیراعلیٰ سندھ کا بہترین طبی امداد فراہم کرنے کا حکم، واقعہ کا مقدمہ درج، 2 افرادگرفتار،روزانہ فالو اپ معائنہ، تشدد کا شکار ہونے والی اونٹنی کی حالت مستحکم ہوگئی ہے۔ سیکریٹری لائیو اسٹاک کاظم جتوئی نے کی رپورٹ کے مطابق اونٹنی کی مسلسل نگرانی کیلئے ویٹرنری سرجنز، ویٹرنری افسران اور لائیو اسٹاک کے عملے پر مشتمل ایک خصوصی ویٹرنری ٹیم تعینات کی گئی ہے، جبکہ اونٹنی کی صحت یابی کا اندازہ لگانے کے لئے روزانہ فالو اپ معائنے کئے جا رہے ہیں،تفصیلات کے مطابق محکمہ لائیو اسٹاک نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو مطلع کیا ہے کہ طبی علاج کے بعد تھرپارکر میں بیدردی سے تشدد کا نشانہ بننے والی مادہ اونٹنی کی حالت مستحکم ہو گئی ہے اور جانور اب کسی نمایاں دشواری کے بغیر کھڑا ہونے، چلنے، کھانے اور پینے کے قابل ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ضلع تھرپارکر کے تعلقہ چھاچھرو میں مادہ اونٹنی پر وحشیانہ تشدد کا سخت نوٹس لیا ہے اور لائیو اسٹاک اینڈ فشرئز ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ جانور کو دستیاب بہترین ویٹرنری علاج فراہم کرے اور اس کی مکمل صحت یابی تک چوبیس گھنٹے نگرانی کو یقینی بنائے۔
اہم خبریں سے مزید