• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جلوس روٹس کے انتظامات، کنٹونمنٹ آفس میں امن کمیٹی اور لائسنس داران کا اجلاس

ملتان ( سٹاف رپورٹر) محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور جلوس روٹس کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کنٹونمنٹ آفس میں ممبران امن کمیٹی اور لائسنس داران کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس پریذیڈنٹ کینٹونمنٹ بورڈ سلیم یونس کی خصوصی ہدایت پر کینٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر سردار عاطف سلطان اور ایڈیشنل ایگزیکٹو آفیسر آصف حیات کی زیر صدارت منعقدہمیٹنگ میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے انتظامات، سکیورٹی، صفائی ستھرائی، روٹس پر پیچ ورک اور دیگر شہری سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ لائسنسداران نے جلوسوں کے روٹس پر سڑکوں کی مرمت‘ صفائی اور دیگر مسائل کے حل کیلئے اپنی تحریری درخواستیں بھی جمع کروائیں۔اس دوران بتایا گیا کہ محرم الحرام کے قدیمی جلوس 5 محرم سے شروع ہوں گے جن کیلئے تمام متعلقہ اداروں کی جانب سے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ عزاداروں کی سہولت کیلئے جلوسوں کے راستوں پر پانی کی سبیلوں اور شدید گرمی کے پیش نظر پنکھوں کے انتظامات اور سڑکوں کے پیچ ورک ، سٹریٹ لائٹس کی فراہمی و درستگی سمیت محرم الحرام کے کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر جلد مکمل کیاجائیگا شرکاء نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں تھانہ کینٹ کے ایس ایچ او سعید ملک اور سکیورٹی انچارج مظہر ڈوگر، اسسٹنٹ سیکریٹری کینٹ بورڈ میاں شاہد اختر ضلعی ممبر امن کمیٹی محمد یعقوب شیرا سمیت دیگر متعلقہ افسران اور لائسنس داران تنویر عباس گیلانی ، سید علی اصغر رضوی ، محمد ارشد عرف چھاتی شاہ، محمد سلیم ، ممبران امن کمیٹی صدر مرکزی انجمن تاجران کینٹ ملک زاہد اعوان ، سینئر نائب صدر چوہدری محمود علی ، سیکرٹری جنرل معظم وحید خواجہ ، کوآرڈینیٹر غضنفرملک ، صدرامن کمیٹی کینٹ کلب عابد خان ، اشرف بھٹی، باسط توقیر انصاری ، حاجی طاہر انصاری ، شیخ رضوان اور انجینئرنگ برانچ، سینی ٹیشن برانچ کے انچارج حضرات میٹنگ میں شریک تھے۔

ملتان سے مزید