ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنانے کیلئے عملی اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ اس سلسلے میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ذوالفقار احمد نے شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کرتے ہوئے صفائی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے گلی محلوں میں پیدل چل کر صفائی کی صورتحال کا معائنہ کیا اور شہریوں سے براہ راست ملاقاتیں کرکے انکے مسائل اور تجاویز بھی سنیں۔ اس موقع پر ڈویژنل منیجر آپریشن انوار الحق اور ڈسٹرکٹ منیجر نے صفائی آپریشن، ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن اور فیلڈ کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی ذوالفقار احمد نے کہا کہ شدید گرمی کے باوجود ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا عملہ محنت اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دے رہا ہے تاہم صفائی نظام میں بہتری کیلئے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے گلی محلوں اور بازاروں کو ویسٹ فری بنانے کیلئے کنٹریکٹرز کو سخت وارننگ دیتے ہوئے ہدایت کی کہ مقررہ اہداف ہر صورت مکمل کیے جائیں۔ سی ای او نے واضح کیا کہ کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے اور شاہراہوں پر پھینکنے والوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔