• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیوریج مسائل اور گنداپانی جمع ہونے کیخلاف واسا ہیڈ آفس کے باہر دھرنا

ملتان (سٹاف رپورٹر) سیوریج کے سنگین مسائل اور گندے پانی کے مستقل جمع ہونے کے خلاف رائٹرز کالونی، سمن آباد اور محبوب آباد کے مکینوں نے واسا ہیڈ آفس کے باہر احتجاجی دھرنا دیا جو تین گھنٹے تک جاری رہا ۔ ڈی ایم ڈی اواسا ذیشان گوندل اور گارڈز کی جانب سے بدتمیزی پر مظاہرین طیش میں آگئے، مظاہرین نے واسا حکام کی مبینہ نااہلی اور عدم توجہی کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین ماہ سے ان کی کالونیوں کی بیشتر گلیاں اور سڑکیں گندے اور بدبودار سیوریج کے پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں، جس کے باعث نہ صرف آمدورفت متاثر ہو رہی ہے بلکہ مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ متعدد بار شکایات اور درخواستوں کے باوجود واسا حکام نے مسئلے کے مستقل حل کیلئے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا۔مظاہرین نے کہا کہ احتجاج کے دوران ایم ڈی واسا دفتر میں موجود نہیں تھے، جس سے شہریوں میں مزید بے چینی پیدا ہوئی۔شرکاء کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی برسوں سے سیوریج منصوبوں کے نام پر اربوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں‘ تاہم شہر کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب کے مسائل بدستور برقرار ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واسا کے انتظامی ڈھانچے کا ازسرنو جائزہ لے کر اہل اور تجربہ کار افسران تعینات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا مستقل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ احتجاج کے دوران ڈپٹی ایم ڈی واسا، متعلقہ ایس ڈی او اور انسپکٹر نے مظاہرین سے مذاکرات کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ متاثرہ علاقوں میں نکاسی آب اور گٹر لائنوں کی صفائی کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائیگا۔دھرنے کی قیادت صدر اصلاحی کمیٹی حاجی شیخ طیب، رانا شہباز، عالمگیر خان، رانا وقار، ملک نعیم، گل بار خان، حاجی شرافت، حاجی حبیب، طاہر قریشی، عمران قریشی، عرفان قریشی، امجد کباڑیہ، احمد قریشی، حاجی میدو، شاہد دھوبی اور آکاش سمیت دیگر رہنماؤں نے کی۔
ملتان سے مزید