ملتان (سٹاف رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ملتان ڈویژن میں 952 فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن، حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر 67 فوڈ پوائنٹس کو بھاری جرمانے عائد، 20 کلو سے زائد ممنوعہ اجزاء تلف کردیے گئے، تفصیلات کے مطابق ملتان میں 452، وہاڑی 152، خانیوال 198 اور وہاڑی میں 150 فوڈ پوائنٹس کو چیک کیا گیا۔ ملتان میں معروف پیزا پوائنٹس اور ریسٹورنٹس، سویاں فیکٹری، سویٹس اینڈ بیکرز، اچار پروڈکشن یونٹ سمیت 12 فوڈ پوائنٹس کو خلاف ورزیوں پر 4 لاکھ سے زائد کے جرمانے کیے گئے۔ کارروائیاں گول باغ، ایم ڈی اے چوک، رائل آرچرڈ، گلشن مارکیٹ، چوک قصبہ مڑل، چاہ جموں والا قادر آباد، بھٹہ بستی نواب پور اور دیگر علاقوں میں کی گئیں۔ اسی طرح جناح کالونی جہانیاں میں بیکری کو مٹھائی کے اوپر حشرات پائے جانے، صاف پانی کا استعمال نہ کرنے پر اصلاح تک بند کردیا گیا۔ اس کے علاؤہ ملتان روڈ میاں چنوں میں آئس فیکٹری برف کے بلاکس میں حشرات پائے جانے پر 20 ہزار، جٹالہ ٹاؤن میاں چنوں میں۔ مکھانہ یونٹ کو پروڈکشن ایریا میں سگریٹ نوشی کرنے، صاف پانی کیلئے فلٹریشن نصب نہ ہونے پر 10 ہزار، فٹبال چوک پر پیزا پوائنٹ کو فریزر کی حالت خراب ہونے، آئل تبدیلی ریکارڈ نہ ہونے پر 25 ہزار، صابر چوک میاں چنوں میں معروف ہوٹل کو کھانوں کی تیاری میں کھلے مصالحہ جات کا استعمال کرنے پر 35 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ مزید وہاڑی میں گگو منڈی اور ڈلن بنگلہ بوریوالا میں 2 آئس فیکٹریوں کو برف کے بلاکس میں حشرات پائے جانے اور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے ۔