کراچی(اسٹاف رپورٹر) انجمن اساتذہ وفاقی اردو یونیورسٹی عبدالحق کیمپس اور گلشن اقبال کیمپس کے زیر اہتمام امتحانات کا بائیکاٹ چوتھے روز بھی جاری رہا۔اساتذہ جمعرات کی صبح یونیورسٹی کے انتظامی بلاک کے سامنے بڑی تعداد میں جمع ہوئے اور "وائس چانسلر حاضر ہو" کے نعرے لگائے اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا۔بائیکاٹ کے چوتھے روز منعقد ہونے والے احتجاجی جلسے میں کراچی یونیورسٹی ٹیچرز سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر سید غفران عالم اور جنرل سیکریٹری ڈاکٹر ذیشان اقبال صدیقی نے شرکت کرکے یکجہتی کا اظہار کیا اور اساتذہ کے مطالبات کی حمایت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر انجمن اساتذہ گلشن اقبال کیمپس کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر افتخار احمد طاہری، انجمن اساتذہ عبدالحق کیمپس کے صدر ڈاکٹر روشن علی سومرو، نائب صدر ڈاکٹر اصغر علی دشتی، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر اقبال حسین نقوی،جوائنٹ سیکریٹری ڈاکٹر عرفان عزیز نے بھی خطاب کیا۔