ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) ریجن میں ڈسکو سپورٹ یونٹ میں شامل فورسز بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بلا امتیاز آپریشن کررہی ہیں۔سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو بہاولنگر سرکل خالد حسین سیال اور ونگ کمانڈر رینجرز کی نگرانی میں میپکو ہارون آبادسب ڈویژن کے علاقوں میں نادہندگان کے خلاف آپریشن کیاگیا۔ ایکسین ہارون آبادڈویژن ناصر محمودفانی اور ایس ڈی او ہارون آبادسب ڈویژن عمران فاروق کی سربراہی میں میپکو، رینجرز اور پولیس کی مشترکہ ٹیموں نے ڈونگہ بونگہ شہر، بستی وزیر والی، نئی آبادی ڈونگہ بونگہ کے علاقوں میں رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے 5لاکھ90ہزارروپے واجبات وصول کرلئے۔ سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو رحیم یار خان سرکل عبدالحفیظ بھٹی اور ونگ کمانڈر رینجرز کی نگرانی میں میپکوجناح سب ڈویژن کے علاقوں میں بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف آپریشن کیاگیا۔ ایکسین رحیم یار خان ڈویژن فیاض قربان اور ایس ڈی اوجناح سب ڈویژن کی سربراہی میں میپکو، رینجرز اور پولیس کی مشترکہ ٹیموں نے چک 246/P،جناح پارک، شاہنوازکالونی گلی نمبر 2اورالحافظ کالونی وی آئی پی بلاک میں رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے ایک لاکھ70ہزارروپے واجبات وصول کرلئے جبکہ آپریشن کے دوران مستقل نادہندگان کے کنکشنز 2لاکھ66ہزارروپے واجبات ادانہ کرنے پر منقطع کردئیے۔ چیکنگ کے دوران 4بجلی چوروں کو ایل ٹی لائنوں سے کنڈی سسٹم لگاکر بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا اور ان کے خلاف مقدمات درج کروانے کے لئے درخواستیں بھیج دیں۔