راولپنڈی،گوجر خان (سٹاف رپورٹر،نمائندہ جنگ ) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں 2مبینہ پولیس مقابلوں میں 2ملزمان ہلاک اورایک کانسٹیبل زخمی ہوگیا، ایک ڈاکو نیوٹاؤن کے علاقے میں اور دوسرا گوجر خان میں مارا گیا،ایک ملزم گرفتار کر لیا گیا۔ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق تھانہ نیوٹاؤن کے علاقہ میں رات گئے موٹر سائیکل سوار ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، ملزمان کی فائرنگ سے کانسٹیبل خورشید ایاز شدید زخمی ہوگیا، فائرنگ کے دوران ایک ملزم ہلاک ہوگیا جب کہ ایک ملزم کوگرفتار کر لیاگیا، ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت نائجل عرف شیرون کے نام سے ہوئی ، دوسرامقابلہ تھانہ گوجرخان کے علاقہ میں ہواجہاں رات گئے 3موٹر سائیکل سوار ملزموں نے روکنے پر پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی، فائرنگ کے دوران انتہائی خطرناک و مطلوب ملزم ہلاک اور اس کاساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گیا، ملزم سے تھانہ ریس کورس کے علاقہ سے گن پوائنٹ پر چھینا گیا موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمدہوا، ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت غلام رسول کے نام سے ہوئی، جو دوہرے قتل، قتل،اقدام قتل اور اسلحہ ناجائز کے مقدمات میں ملوث و مطلوب تھا۔